حوثیوں کا ایرانی آپریشنل کمانڈر سعودی سرحد کے قریب ہلاک ہو گیا

 
0
318

صنعاء ستمبر27(ٹی این ایس ) ۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کی ترجمان ویب سائٹ نے عسکری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ حوثیوں کے الربوعہ آپریشن کا انچارج ایک غیر ملکی جنگجو صعدہ گورنری کے شمالی علاقے باقم میں ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گیا۔ عرب اتحادی فوج کے طیاروں کے ذریعے کی گئی بمباری کے نتیجے میں کئی دوسرے جنگجو بھی ہلاک ہوئے ۔ذرائع کا کہناتھا کہ الربوعہ آپریشن چیف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایرانی ہے۔ فضائی حملے میں ایک مقامی شدت پسند کمانڈر ابو الکرار الصعدی اور 10 دوسرے جنگجو بھی ہلاک ہو گئے ۔عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی فوج کے طیاروں نے سرحدی علاقے’باقم‘ میں بال زمان نامی ایک ایرانی جنگجو کمانڈر کی رہائش گاہ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا

۔خیال رہے کہ یمن کی آئینی حکومت اور عرب اتحاد ایران پر حوثی باغیوں کو اسلحہ، رقوم اور افرادی قوت کے ساتھ عسکری ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کا الزام عاید کرتے چلے آ رہے ہیں۔ یمنی حکومت اور عرب ممالک کا کہنا ہے کہ ایران حوثی باغیوں کو عسکری تربیت فراہم کرنے کیساتھ انہیں ہتھیار تیار کرنے اور بری اور بحری بارودی سرنگوں کی تیاری کی ٹریننگ دیتا رہا ہے