عمران خان کی طرف سے نواز شریف کے خلاف ملک بھر میں اگا ہی مہم  شروع کرنےکے اعلان کے علاوہ اسحاق ڈار سے استعفٰی اور ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ

 
0
526

اسلام آباد،ستمبر 27 (ٹی این ایس): تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کے خلاف ملک بھر میں اگا ہی مہم  شروع کرنے، اسحاق ڈار سے استعفٰی، نئےانتخابات اور مطلوب تمام افراد کے نام ای سی ایل میں  شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

 بدھ کو ان کی  زیر صدارت پارٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد  ہوا،جس میں ملکی مجموعی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال،شریف خاندان کے خلاف احتساب  عدالت میں اب تک کی کاروائی کا جائزہ اور نیب کے کردار کا تجزیہ کیا گیا۔

اجلاس میں ایک مرتبہ پھر  تازہ مینڈیٹ کیلئےملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا گیا ،اجلاس میں نواز شریف کے خلاف ملک بھر میں اگاہی مہم چلانے اور ڈی جی آئی بی کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء داخل کرانے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ فرد جرم کے بعد  وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فوری استعفی اور احتساب عدالت کو مطلوب تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔

اجلاس میں  ائی بی سربراہ کی تعیناتی اور لندن میں نواز شریف سے ملاقات پر شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا کہ اہم سول انٹیلی جنس ادارے کی سربراہی پرمدت ملازمت مکمل کرنے والے شخص کو کنٹریکٹ پر تعنیات کیا گیا ہے،آئی بی کے سربراہ کی تعیناتی  سیاسی رشوت ستانی کی واضح مثال ہے،ائی بی کا سربراہ ریاست پاکستان سے وفاداری کی بجائے شریفوں سے وفاداری نبھا رہا ہے،نواز شریف آئی بی کے سربراہ کے ذریعے لیگی اراکین اسمبلی کو بلیک میل کرکے قابو کیے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں ، عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اداروں کے خلاف شریفوں کی برپا کی گئی مہم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وفاقی حکومت کے داخلہ اور خارجہ پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار  اور بجلی سمیت دیگر اشیائی ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں پاک فوج کے لفٹننٹ ارسلان شہید کے درجات کی بلندی اوربیگم کلثوم نواز شریف کی جلد اورمکمل صحتیابی کیلئےبھی  دعا کی گئی۔