چولستان (ٹی این ایس) فورٹ عباس ہیٹ ویو اور خشک سالی کے پیشِ نظر محکمہ لائیوسٹاک پنجاب، تحصیل فورٹ عباس کی جانب سے چولستان کے علاقہ 286/ایچ آرمیں مویشیوں کے لیے مفت ویٹرنری کیمپ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران شوکت تحصیل فورٹ عباس کی زیر نگرانی مسلسل جاری ہے۔ اس کیمپ میں ویٹرنری ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ہیٹ اسٹریس اور دیگر موسمی اثرات سے متاثرہ جانوروں کا معائنہ کر رہی ہیں اور انہیں مفت علاج، ادویات، طبی مشاورت اور ضروری ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ قیمتی لائیوسٹاک کو موسمی شدت کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔کیمپ کا دورہ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع بہاولنگر، ڈاکٹر سبطین بھٹی صاحب نے کیا۔ انہوں نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ چولستان کے مویشی پال حضرات کو بروقت، معیاری اور بلا معاوضہ ویٹرنری خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔علاوہ ازیں، ہیٹ ویو کے پیشِ نظر تحصیل فورٹ عباس کے تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ کسی بھی مویشی پال کو اگر اپنے جانور کی صحت کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ اپنے قریبی ویٹرنری ہسپتال سے مفت طبی مشاورت، علاج اور ادویات حاصل کر سکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر محکمہ لائیوسٹاک کی موبائل ویٹرنری ٹیمیں فیلڈ میں پہنچ کر بھی جانوروں کا معائنہ اور علاج فراہم کر رہی ہیں۔محکمہ لائیوسٹاک پنجاب مویشی پال حضرات سے اپیل کرتا ہے کہ شدید گرمی کے دوران جانوروں کو سایہ، صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کریں اور ہیٹ اسٹریس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ لائیوسٹاک سے رابطہ کریں تاکہ بروقت علاج کے ذریعے قیمتی لائیوسٹاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













