لاہور (ٹی این ایس) لمز کی دو روزہ کانووکیشن: 1,500 سے زائد طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تقسیم

 
0
3

لاہور (ٹی این ایس):لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں گریجویٹنگ کلاس آف 2026 کے اعزاز میں دو روزہ کانووکیشن کی چار پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں 1,500 سے زائد طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر گریجویٹس نے برسوں کی محنت، علمی سفر، ذاتی نشوونما اور ثابت قدمی کے بعد اپنی زندگی کے ایک اہم تعلیمی مرحلے کو کامیابی سے مکمل کیا۔

لمز کے اسکولز، جن میں بزنس، ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز، لاء، سائنس اینڈ انجینئرنگ اور ایجوکیشن شامل ہیں، کے طلبہ و طالبات کو ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، اساتذہ اور یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں ڈگریاں دی گئیں۔ تقریب میں پرو چانسلر عبدالرزاق داؤد، ریکٹر شاہد حسین، وائس چانسلر ڈاکٹر علی چیمہ، بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین، ڈینز اور ممتاز اساتذہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر علی چیمہ نے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ”لمز کے چالیس سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ کسی بھی ادارے کی اصل پہچان ان افراد سے ہوتی ہے جنہیں وہ معاشرے کے لیے تیار کرتا ہے۔ یونیورسٹی کا مقصد صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ افراد کو اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کے قابل بنانا ہے۔ میری خواہش ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دوسروں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں اور آنے والی نسلوں کے لیے نئے امکانات پیدا کریں ”۔

کانووکیشن کے دوران نمایاں تعلیمی کارکردگی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ گریجویٹنگ کلاس کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کرنے والے طلبہ میں علی عباس گیلانی (بی اے۔ ایل ایل بی آنرز)، احمد اشرف (بی ایس کمپیوٹر سائنس)، ہبہ ہمایوں (بی ایس سی آنرز اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس) اور ماہین مشہود (بی اے آنرز ہسٹری) شامل تھے۔ انہوں نے اپنے خطابات میں لمز میں گزارے تعلیمی سفر کے تجربات،درپیش چیلنجز، دوستیوں اور سیکھنے کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے اپنے والدین، اساتذہ، رہنماؤں اور ساتھی طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔

تقریبات سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ لمز کی سابق طالبہ اور ماما بے بی فنڈکی بانی نہا منکانی نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ تجسس اور سیکھنے کے جذبے کو برقرار رکھیں، ہمدردی کو فروغ دیں اور اپنی تعلیم کو معاشرے کو درپیش پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے بامقصد انداز میں استعمال کریں۔

دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاء اختر عباس نے گریجویٹس کو تلقین کی کہ وہ انکساری کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں، مختلف نقطہ نظر کی قدر کریں اور زندگی کی غیر یقینی صورتِ حال میں حوصلے، ذمہ داری اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔

نامور مصورہ، کیوریٹر اور معاصر فنون کی مؤرخ سلیمہ ہاشمی نے گریجویٹس کو تخلیقی صلاحیت، جرات اور انسان دوستی کے ساتھ قیادت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ بامعنی ترقی کھلے مکالمے، مختلف آوازوں کے احترام اور بہتر مستقبل کا تصور کرنے کی آزادی سے ممکن ہوتی ہے۔

معروف کاروباری شخصیت، مصنوعی ذہانت کے ماہر اور مصنف عامر حسین نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ زندگی بھر سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں، تیزی سے بدلتی دنیا کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھیں اور مثبت سوچ، استقامت اور معاشرے میں مثبت اثرات مرتب کرنے کے عزم کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھیں۔

دو روزہ کانووکیشن تقریبات کے اختتام پر گریجویٹنگ کلاس آف 2026 کو باضابطہ طور پر عالمی لمز ایلومنائی برادری کا حصہ بنا دیا گیا، جہاں سے یہ گریجویٹس اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے کے لیے پرعزم انداز میں روانہ ہوئے۔