رحیم یارخان (ٹی این ایس) ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (وائی جے اے) کی متفقہ کابینہ کا اعلان، عامر امین بانی و صدر، اسد محمود چیئرمین، چودھری وسیم امیر جنرل سیکرٹری، عامر بھٹی فنانس سیکرٹری، عزیر الحق انفارمیشن سیکرٹری منتخب، نوجوان صحافیوں کو متحد کرنے کے عزم کا اظہار

 
0
3

رحیم یار خان (ٹی این ایس) نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ، باہمی اتحاد اور ذمہ دار صحافت کے لیے قائم کی گئی ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (وائی جے اے) کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ایک پروقار اجلاس و عشائیے کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیم کی متفقہ کابینہ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان راؤ نعمان اسلم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ نو منتخب عہدیداران، ایگزیکٹو ممبران اور نوجوان صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے عامر امین کو بانی و صدر، اسد محمود کو چیئرمین، چودھری وسیم امیر کو جنرل سیکرٹری، عمار بن اعظم کو سنیئر نائب صدر، علی حسن جٹ کو نائب صدر اول، طاہر رحیم کو نائب صدر دوم، ابوبکر خان ڈاہا کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، محمد رخسار کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری اول، حذیفہ چوہدری کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری دوم، غلام مصطفٰی کو جوائنٹ سیکرٹری، عامر بھٹی کو فنانس سیکرٹری، عزیر الحق چوہدری کو انفارمیشن سیکرٹری، جہانگیر حسین کو آرگنائزنگ سیکرٹری، امتیاز پہوڑ کو سوشل میڈیا سیکرٹری اور رانا شہزاد کو میڈیا کوآرڈینیٹر منتخب کیا گیا جبکہ بلال حبیب، حسن مہر، میاں ابریز، عدنان چوہدری، اسد منیر، شعیب رؤف، شفقت علی بابر، سندس فیضان اور ثناء خان کو ایگزیکٹو ممبران نامزد کیا گیا۔

اجلاس کے دوران تنظیم کے اغراض و مقاصد، آئندہ کے لائحہ عمل اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی شرکاء نے ضلع بھر میں ممبرشپ مہم شروع کرنے، تشہیری و ایڈورٹائزمنٹ کمپین کو مؤثر انداز میں چلانے، رحیم یار خان کی تمام تحصیلوں میں تنظیمی ڈھانچہ قائم کرنے، نوجوان صحافیوں کو ایک مضبوط اور فعال پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور مستقبل میں تنظیم کو مرحلہ وار ڈویژن، صوبائی اور قومی سطح تک وسعت دینے پر اتفاقِ رائے کا اظہار کیا۔ اجلاس میں آئندہ تقریبِ حلف برداری اور دیگر تنظیمی سرگرمیوں کے انعقاد سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر بانی و صدر عامر امین نے کہا کہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نوجوان صحافیوں کے اتحاد، پیشہ ورانہ ترقی اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداران اور ممبران کی مشترکہ کاوشوں سے تنظیم کو ضلع سے ڈویژن، صوبائی اور مستقبل میں قومی سطح تک ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔

چیئرمین اسد محمود نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کی کامیابی اس کے عہدیداران اور ممبران کے اتحاد، اخلاص اور عملی کردار میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ انہوں نے تمام ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ تنظیم کو اپنی مشترکہ امانت سمجھتے ہوئے اس کے استحکام اور وقار کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

جنرل سیکرٹری چودھری وسیم امیر نے کہا کہ جلد ہی ممبرشپ مہم، تشہیری سرگرمیوں اور تحصیل سطح پر تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کا عملی آغاز کیا جائے گا تاکہ نوجوان صحافیوں کو ایک منظم، فعال اور باوقار پلیٹ فارم میسر آسکے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان راؤ نعمان اسلم نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا قیام خوش آئند اقدام ہے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب ہمیشہ نوجوان صحافیوں کی مثبت، تعمیری اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون، رہنمائی اور سرپرستی جاری رکھے گا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں مختلف لذیذ کھانوں کا اہتمام کیا گیا، جہاں خوشگوار ماحول میں باہمی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (YJA) نوجوان صحافیوں کے اتحاد، پیشہ ورانہ ترقی، ذمہ دار صحافت اور صحافتی برادری کے وقار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔