اسلام آباد ،اکتو بر 10 (ٹی این ایس ):وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی کا کہنا ہےکہ پی آئی اے ٹائی ٹینک بن گیا ہے اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا۔
مرمت کے بعد ٹرپل سیون طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ 4 ارب ڈالر ہوگیا ہے، پی آئی اے کو حکومتی معاونت دستیاب نہیں اور بینکوں سے قرض لینا مہنگا ہے۔
مشیر برائے ہوابازی کا کہناتھاکہ پی آئی اے ٹائی ٹینک بن گیا ہے اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا، ادارے کو اس کے ملازمین، انتظامیہ اور حکومت نے اون نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 777 طیاروں کی مکمل اوورہالنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی آئی اے اپنے وسائل سے موجودہ فلیٹ کو بہتر بنارہی ہے، ایئرلائن اپنے پورے فلیٹ کی آرائش کرنا چاہتی ہے جب کہ طیاروں کی مرمت اورآرائش کے لیے بینکوں سے قرض لیا جائے گا۔
مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ سابق جرمن سی ای او نے طیارہ فروخت کرنے کا غلط فیصلہ کیا تھا، طیارے کو انجن اور دیگر قیمتی پارٹس سمیت فروخت کیا گیا، جرمنی میں پی آئی اے کا طیارہ فروخت کرنے پر تحقیقات چل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جرمنی میں طیارے کی پارکنگ فیس کے 2 لاکھ ڈالر لگادیئے گئے ہیں اور پارکنگ چارجز پر بھی جرمن کمپنی سے مذاکرات جاری ہیں۔