اسلام آباد (ٹی این ایس) ورلڈ کپ;پاکستان ہاکی ٹیم تاریخ دہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے

 
0
8

اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان ہاکی ٹیم تاریخ دہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہےسینئر جرنلسٹ اور تجزیہ کار اصغر علی مبارک نے سڈنی ہاکی ورلڈ کپ 1994 (23 نومبر تا 4 دسمبر 1994) کے فائنل میچ کے آخری لمحات کا ایک انتہائی سنسنی خیز اور اب تک کا پوشیدہ نفسیاتی راز بے نقاب کیا ہے۔ یہ انکشاف پاکستان ہاکی ٹیم کی فتح کے بعد وفاقی دارالحکومت لینڈ کرنے پر پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی سے آفیشل ملاقات کی تقریب کے دوران سامنے آیا۔تقریب کے دوران پاکستان ہاکی کے مایہ ناز گول کیپر اور قومی ہیرو مرحوم منصور احمد نے اصغر علی مبارک سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ فائنل کے آخری لمحات میں جب ہالینڈ کے اسٹار کھلاڑی جیروئن ڈالمی (Jeroen Delmee) کا فیصلہ کن پینلٹی اسٹروک منصور احمد نے روکا، تو شدید صدمے کی وجہ سے ڈچ کھلاڑی پچ پر گر کر بے ہوش ہو گیا۔ وہ کافی دیر تک بے ہوش رہا اور ہوش میں آنے کے بعد اس کی ذہنی حالت اس قدر نازک تھی کہ وہ شکست کی حقیقت تسلیم کرنے سے قاصر تھا۔طبی ماہرین اور نفسیات دانوں کے مشورے پر، تماشائیوں کے گراؤنڈ سے جانے کے بعد ڈالمی کو خالی اسٹیڈیم میں لایا گیا اور اس کے دماغ سے صدمے کا اثر کم کرنے کے لیے پینلٹی اسٹروک کی طرح گیند کو خالی گول پوسٹ اور نیٹ میں دھکیلنے کو کہا گیا، جس کے کچھ دیر بعد وہ نارمل ہو سکا۔اصغر علی مبارک نے خصوصی کالم میں موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ ابوبکر محمود کی کپتانی میں قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کے مطابق نیدرلینڈز کی سرزمین پر پہنچ چکی ہے، وہ یہ یقین رکھتے ہیں کہ اگر پاکستانی اسکواڈ نے منصور احمد والے روایتی جذبے کا مظاہرہ کیا تو گرین شرٹس پول ڈی کے کڑے مقابلوں کو عبور کر کے ہالینڈ کی ٹیم کو ان کے اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر ایک بار پھر چونکانے اور تاریخ دہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔