اسلام آباد (ٹی این ایس) چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس۔

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس) چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس۔ ٹریفک نظام اور شہری سہولیات کا جائزہ۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی ٹریفک اور تمام زونل ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد اور فیلڈ میں ٹریفک افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال، شہریوں کو درپیش مسائل، ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے زونز میں ٹریفک کی روانی اور فیلڈ ڈیوٹی سے متعلق سی ٹی او اسلام آباد کو بریفنگ دی۔چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کے موثر انتظام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں بہتری، سڑکوں پر نظم و ضبط کے قیام اور شہریوں کے محفوظ سفر کے لیے تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے فیلڈ میں تعینات افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی بھی جاری رکھی جائے۔چیف ٹریفک آفیسر نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو موثر بنایا جائے، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔