الیکشن بل 2017ءآج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

 
0
8116

اسلام آباد اکتوبر 2 (ٹی این ایس) انتخابات بل 2017منظوری کے لیے آج قومی اسمبلی میں دوبارہ پیش ہوگا۔ قومی اسمبلی سے انتخابات بل کی منظوری کے بعد سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔انتخابات بل2017 کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے منعقد ہو گا جس میں سینیٹ سے ترامیم کے ساتھ منظور ہونے والا انتخابات بل، قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

وزیر قانون انتخابات بل 2017میں، سینیٹ کی جانب سے کی جانے والی ترامیم منظوری کے لیے پیش کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی، سینیٹ سے ترامیم شدہ کلازز کو مرحلہ وار منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں گے۔ ممبران اسمبلی کلاز کی حمایت یا مخالفت میں Ayes یا Noesکہ کر ووٹ دیں گے۔ اسپیکر ووٹ پر ممبران کی گنتی بھی کرواسکتے ہیں۔ انتخابات بل کی کلاز کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت درکار ہوگی۔

ممبران کی جانب سے ترمیم میں ترمیم لائی جا سکتی ہے، تاہم قومی اسمبلی کی جانب سے ترمیم منظور ہونے کی صورت میں بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چلا جائے گا۔ لہذا بل کو فوری ایکٹ کی شکل دینے کے لازم ہے کہ قومی اسمبلی، بل کو سینیٹ سے منظور شدہ حالات میں ہی منظور کرے۔انتخابات بل کی منظوری کے لیے ایوان کے ممبران کی سادہ اکثریت درکار ہو گی اور بل کی منظوری ، ایوان میں اس وقت حاضر ممبران دیں گے۔قومی اسمبلی سے سادہ اکثریت سے منظور ہونے کے بعد بل صدر مملکت کے پاس چلا جائے گا۔ صدر مملکت کے دستخط کے بعد انتخابات بل 2017 قانون بن جائے گا۔