راولپنڈی (ٹی این ایس) راولپنڈی 22 ستمبر 2026: پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے زیرِ اہتمام بے نظیر ہسپتال راولپنڈی میں ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کے لیے سی پی آر (سی پی آر) کی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔بے نظیر ہسپتال کے میڈیکل یونٹ-II کی سربراہ، ڈاکٹر لبنیٰ معراج نے پناہ سے رابطہ کرکے ہسپتال کے طبی عملے کے لیے سی پی آر کی ٹریننگ کی درخواست کی تھی۔ جنرل سیکریٹری پناہ ثناء اللہ گھمن کی سربراہی میں پناہ کی ٹیم نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کو سی پی آر کی عملی تربیت فراہم کی۔
اس موقع پر پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے سی پی آر کی تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاپناہ گزشتہ 40 برس سے مختلف اداروں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو سی پی آر کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ اس تربیت کا بنیادی مقصد ہنگامی صورتحال میں فوری اور درست طبی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پناہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد، مختلف اداروں اور معاشرے کے دیگر طبقات میں سی پی آر کے حوالے سے آگاہی اور تربیت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ہنگامی حالات میں مؤثر طریقے سے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارت حاصل کر سکیں اور قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔













