اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کا اردل روم، پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سنے، بروقت ازالے کے احکامات جاری کئے، نمایاں کارکردگی پر سوات کمانڈوز اور پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم۔
آئی جی اسلام آباد کی چیئرمین اے ڈی آر سی طیب نواز ملک سے ملاقات۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں نے اپنے سروس اور ذاتی نوعیت کے مسائل پیش کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے ان کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کے بروقت ازالے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، حوصلہ افزائی اور جائز مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں فورس کے ساتھ کھڑا ہونا اور ان کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سوات کمانڈوز کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور بہترین خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے کمانڈوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دیگر پولیس افسران و جوانوں کو بھی سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور ان کی نمایاں خدمات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی اسناد جاری کیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے چیئرمین مصالحتی کمیٹی (اے ڈی آر سی ) طیب نواز ملک سے ملاقات کی، جس میں شہریوں کے مسائل کے حل اور مصالحتی کمیٹیوں کے کردار کو مزید موثر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہر تھانے میں مصالحتی کمیٹی کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ شہریوں کے مسائل کا حل اور معاشرے کی بہتری ہم سب کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصالحتی کمیٹیوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل کے حل، باہمی تنازعات کے تصفیے اور عوامی سہولت کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ اور شہریوں کو موثر خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔























