اسلام اباد (ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور ایس ایس پی سکیورٹی/ایڈمن محمد شہریار خان کے ساتھ اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں اسلام آباد میں امن و امان، سکیورٹی انتظامات، پولیسنگ امور اور شہریوں کو موثر و بروقت سروس ڈیلیوری کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو پیشہ ورانہ پولیسنگ، موثر نگرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ و سہولت کو اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کے ہمراہ ناکہ G-14 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ انہیں سکیورٹی صورتحال، ناکہ بندی اور چیکنگ کے عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آئی جی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کو الرٹ رہنے، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی موثر و باریک بینی سے چیکنگ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ناکہ جات پر موثر چیکنگ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت روکنے اور مجموعی سکیورٹی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد کی جانب سے مختلف ڈویژنز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد جاری کی گئیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوان محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی سے فورس میں مزید محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ خدمات کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سروس ڈیلیوری اور بروقت ریلیف کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا














