سینیٹ قائمہ کمیٹی نے اوپن یونیورسٹی کے فنڈ میں اضافے کی سفارش کردی

 
0
341

اسلام آباد نومبر 12(ٹی این ایس) پارلیمنٹ لاجز کے پیپس ہال میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی گذشتہ روز جاری کردہ منٹس کے مطابق قائمہ کمیٹی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی اور سماجی خدمات انتہائی قابل قدر اور دیگر جامعات کے لئے قابل تقلید ہیں۔ نیز یہ کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو اوپن یونیورسٹی کے فنڈمیں اضافہ کرنا چاہئیے۔

سینیٹر را حیلہ مگسی نے گذشتہ تین سال کے عرصے میں یونیورسٹی کی مجموعی ترقی ٗ طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ ٗ 14۔ریسرچ جرنل کی اشاعت اور 24۔کانفرنسسز کا انعقاد ٗ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور 44۔علاقائی دفاتر کی لائبریریوں میں نابینا افراد کے لئے ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹرز کا قیام ٗ معذور افراد ٗ ڈراپ آؤٹ گرلز ٗقیدیوں اور خواجہ سراؤں کے لئے مفت تعلیمی منصوبے جیسے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی اور سماجی خدمات انتہائی قابل قدر ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم انجنئیر محمد بلیغ الرحمان ٗ چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد ٗ وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی ٗ سینیٹر مشاہد حسین سید ٗ سینیٹر گل بشرا ٗ سحر کامران ٗ اعظم خان سواتی اور این سی ایچ ڈی کی چئیرپرسن ٗ رزینہ عالم خان شریک تھے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے سینیٹ کمیٹی کو یونیورسٹی کی مجموعی ترقی ٗ ریسرچ کلچر کے فروغ ٗ سٹوڈنٹ سپورٹ نظام کی بہتری ٗ جیلوں کے قیدیوں ٗ معذور افراد ٗ تعلیم سے محروم بچیوں اور خواجہ سراؤں کے لئے مفت تعلیمی پالیسی جیسے اقدامات پرتفصیلی بریفننگ دی۔ اوپن یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سینیٹر راحیلہ مگسی اور سحر کامران نے سندھ میں یونیورسٹی کے مزید علاقائی دفاتر قائم کرنے کے لئے مفت زمین فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

سینیٹر اعظم خان سواتی نے خیبر پختون خواہ میں یونیورسٹی کو فزیکل سہولتوں میں سپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے سینیٹ کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر شاہد صدیقی کا شکریہ ادا کیا اور تین سال کے مختصر عرصے میں یونیورسٹی کو متحرک ترین جامعہ بنانے کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔ اجلاس میں شریک تمام اراکین نے یونیورسٹی کے تعلیمی نظام ٗ علمی و ادبی تقاریب اور تحقیق کے فروغ کے لئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اختتامی کلمات میں قائمہ کمیٹی کی چئیرپرسن ٗ سینیٹر راحیلہ مگسی نے کہا کہ ہم اوپن یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی اور تعلیمی شعبے میں کامیابیوں سے خوش اور مطمئن ہیں۔