اسلام آباد (ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا

 
0
3

اسلام آباد (ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی آپریشنل تیاری، سیکیورٹی انتظامات اور شہریوں کو بہتر پولیس خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران پولیس کی مجموعی کارکردگی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور افسران کو تفویض کردہ ٹاسکس پر عمل درآمد کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے متعلقہ اہداف مقررہ وقت میں مکمل کریں، کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ، پولیس خدمات تک آسان رسائی اور عوامی سہولیات کی بہتری کو ترجیح دی جائے۔دریں اثنا، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد میں نئے زیرِ تعمیر پولیس اسٹیشنز کے حوالے سے متعلقہ افسران اور عملے سے بھی اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر جاری تعمیراتی منصوبوں، اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے آئی جی اسلام آباد کو تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال اور درپیش امور کے بارے میں بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی منصوبے طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ پولیس اسٹیشنز شہریوں کو بروقت، مؤثر اور بہتر پولیس خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ نئے تھانہ جات میں عوامی سہولت، مؤثر نظامِ کار اور پولیس خدمات تک آسان رسائی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، تفتیش کے معیار میں بہتری، زیرِ تفتیش مقدمات کی بروقت یکسوئی اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی و پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو بھی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جائز مسائل کے حل اور بہتر دفتری و پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، شفاف پولیسنگ، جدید سہولیات کی فراہمی اور عوامی اعتماد میں اضافہ اسلام آباد پولیس کی بنیادی ترجیحات ہیں۔