طویل عرصے سے تعطل کے شکار ادارے کے سرکاری امور اور سروس ڈیلوری کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹرائز کرنے کے منصوبے میں پیش رفت

 
0
450

اسلام آباد فروری 24 (ٹی این ایس): طویل عرصے سے تعطل کے شکار ادارے کے سرکاری امور اور سروس ڈیلوری کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹرائز کرنے کے منصوبے میں پیش رفت ہوئی ہے جس کے بعد اس اہم منصوبے پر عملی کام ممکن ہو گیا ہے جس کے لیے ECCنے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور LMKRکے مابین قانونی معاملات کو حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔اس ضمن میں کمیٹی کی طرف سے ان قانونی معاملات کو حل کرنے کے لیے مختلف اجلاس منعقد کئے گئے جن کے نتیجے میں اس منصوبے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
سی ڈی اے میں آفس آٹومیشن کا پروجیکٹ گزشتہ 12 سالوں سے تعطل کا شکار تھا کیونکہ سافٹ ویئر فراہم کرنے والی کمپنی سہ فریقی معاہدے پر عملدرآمد میں ناکام رہی تھی۔ معاہدے کے مطابق سا فٹ ویئر فراہم کرنے والی فرم اس بات کی پابند ہے کہ وہ تمام ضروریات کے مطا بق سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کر کے استعمال کے لیے سی ڈی اے کو فراہم کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل میں 4سے 6 ماہ لگیں گے تاکہ آخری تین ڈیلوریبلز (Deliverables)کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
سی ڈی اے فنانشل سسٹم سافٹ ویئر اب ڈیپلائیمنٹ کے مراحل کے قریب ہے۔ سافٹ ویئر فراہم کرنے والی فرم سی ڈی اے کے لیے تمام مالیاتی نظام کے جدید ترین سافٹ ویئر ورژن کی فراہمی پر بھی رضا مند ہوگئی ہے جس کے بعد رواں سال کے آخر تک آٹومیشن کاکام مکمل کر لیا جائے گا۔اس سسٹم سے پہلی بار بیلنس شیٹ اور نفع/ نقصان کی شیٹ تیار کی جائے گی۔
علاوہ ازیں سی ڈی اے کی طرف سے فراہم کی جانے والی سروسز کو بھی جون 2020؁ء تک کمپیوٹرائز کر دیا جائے گا جس کے بعد سی ڈی اے کے تمام ہیومن ریسورسز اور فائلنگ سسٹم خودکار ہوجائے گا۔جس کے بعد سی ڈی اے میں کاغذکے استعمال کے ختم ہو جانے کے علاوہ حقیقی معنوں میں مالیاتی امور کی اپ ڈیٹ کی تفصیلات کی فراہمی بھی ممکن ہو جائے گی۔