ون بیلٹ ون روڈ کا محور صرف جنوبی ایشیا ء نہیں ،کئی خطوں کو ایکدوسرے سے اقتصادی طور پر مربوط کرنے کا منصوبہ ہے‘ مشاہد حسین سید

 
0
551

لاہور اکتوبر 8( ٹی این ایس )چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ کا محور صرف جنوبی ایشیا ء نہیں بلکہ یہ دنیا کے کئی خطوں کو ایک دوسرے سے اقتصادی طور پر مربوط کرنے کا منصوبہ ہے۔امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے سی پیک کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایسے بیانات ناصرف علاقائی تقسیم کا باعث بنیں گے بلکہ ان کی وجہ سے ناصرف پاکستان اور بھارت، پاکستان اور امریکہ بلکہ چین اور امریکہ کے درمیان بھی تنا ؤکی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ امریکہ کے لیے ایک اچھا موقع تھا کہ ایک ایسا منصوبہ جو علاقائی تعاون کا منصوبہ ہے جس میں لوگ اپنی رضامندی کے ساتھ علاقائی تعاون قائم کر رہے ہیں اس کی حمایت کرے۔ اس سے کشیدگی کم ہو گی اور تعلقات فروغ پائیں گے ۔اس کی مخالفت کرنے کا صرف نظریاتی اور اسٹریٹجک جواز ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ دور اندیشی کی پالیسی نہیں ہے۔