وفاقی کابینہ کا اجلاس،بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری

 
0
779

اسلام آباد، اکتوبر 10 (ٹی این ایس): وفاقی کابینہ کا اجلاس منکل کی شام منعقد ہوا جس کی صدارت  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جس میں تمام محکموں کے وزراء نے شرکت کی۔ کابینہ نے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری دےدی ہے،کابینہ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزا ختم کرنے کے معاہدے کے مذاکراتی مسودہ پر دستخط کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس نے سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤاور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالے سے مالیاتی اجتناب کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی منظوری دے دی، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور بلغاریہ کی زرعی اکیڈمی کے درمیان زرعی تحقیق کے میدان میں سائنسی و تکنیکی تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کے تقرر کی منظوری دی جبکہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے ویلفیئر سیٹیزن بل 2017ءپر بھی غوروغوض کیا، مجوزہ بل کا مقصد بزرگ شہریوں کو سہولت دینا اور ان کی ضروریات پورا کرنا ہے۔ وفاقی سطح پر سنٹرل سپریئر سروسز (سی ایس ایس) میں بھرتی کےلئے صوبائی کوٹہ رجیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث اور مشترکہ مفادات کونسل میں بھی اس پر بات کی جائے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ پالیسی کے تناظر میں کوٹہ رجیم کے جامع جائزہ کے ساتھ ساتھ پالیسی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مناسب تجاویز بھی دیں۔