شہید کیپٹن حسنین کے والد نے وطن عزیزکیلئے بیٹے کی شہادت کو باعث فخرقراردیا

 
0
1100

ننکانہ ،اکتو بر15(ٹی این ایس): شہید کیپٹن حسنین کے والد نے بیٹے کی شہادت پرفخرقراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزکیلئے بیٹے کی شہادت باعث فخرہے،میرے 100بیٹے بھی ہوتے تووطن پرقربان کردیتا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کرم ایجنسی میں دہشتگردوں کے بارودی سرنگ کے دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے پراپنے بیٹے کیپٹن حسنین کی شہادت پرآنسوؤں کے ساتھ فخریہ کلمات ادا کیے۔

انہوں نے کہاکہ میرے 100بیٹے بھی ہوتے تووطن پرقربان کردیتا۔جان اللہ کی امانت ہے اللہ کے راستے میں ہی جانی چاہیے۔واضح رہے پاک فوج نے دوروزقبل انتہائی اہم آپریشن کرکے افغان بارڈرکراس کرنیوالی کینیڈین فیملی کودہشتگردوں سے بازیاب کروایا تھا۔فورسزآپریشن میں بچ جانے والے دہشتگرد بھاگ کرقریب افغان مہاجرین کے کیمپوں میں چھپ گئے۔دہشتگردوں کی تلاش کیلئے پاک فو ج کے کیپٹن کی سرپرستی میں فورسزکاسرچ آپریشن جاری تھا کہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوگیا۔

دہشتگردوں نے خرلاچی میں بارودی سرنگ نصب کررکھی تھی۔دھماکے میں کیپٹن سمیت4ایف سی اہلکارشہید اور 3زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے کرمشتبہ افرادکی نگرانی اور سرچ آپریشن تیزکردیاہے۔واضح رہے سرچ پارٹی کے اہلکارکینیڈین فیملی کے اغواء میں ملوث ملزمان کوتلاش کررہے تھے ۔شہداء میں کیپٹن حسنین ، سپاہی سعید، جمعہ گل اور قادر شامل ہیں۔جبکہ زخمیوں میں نائیک انور،لانس نائیک شیرافضل اور سپاہی ظاہرشامل ہیں۔