صوبہ بحالی کی خاطر سیاسی ، اقتصادی اور معاشی دہشتگردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے،شمائلہ جی جان

 
0
1057

بہاولپور،اکتوبر18 (ٹی این ایس): متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور شعبہ خواتین کی مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مقصد کی خاطر سیاسی ، اقتصادی اور معاشی دہشتگردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے اور اس سلسلہ میں ہر گلی، کوچہ اور قر یہ قریہ صوبہ بحالی کی آوازیں بلند ہونا خوش آئند عمل ہے ۔

ان خیالات کا اظہارتحریک کے شعبہ خواتین کی مرکزی اور صوبائی رہنماؤں شمائلہ جی جان ، سردار بیگم ،فرحانہ خان ، انابیہ سعید اکرام اور دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ملک کو معاشی بحرانوں سے محفوظ اور مضبوط بنانے کیلئے صوبہ بحالی انتہائی ضروری ہے ۔شمائلہ جی جان نے کہا بہاولپور نے پاکستان کی تحریک ،تکمیل اور تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا لیکن چڑھتے سورج کے پجاری سیاستدانوں نے پنجاب کو اونچا بنانے کیلئے پاکستان کو دوٹکڑوں میں بانٹ دیا ۔یہی وجہ ہے کہ اب مفاد پرست سیاسی شکاری نئی جال اور نئی چال کے ساتھ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے کمانڈو قاری مونس بلوچ کی عملی اڑان سے نہ صرف عوام بیدار ہوئے ہیں بلکہ گھر گھر سے آوازیں اٹھنے لگیں جبکہ ایوانوں میں سوچیں تبدیل ہونے لگی ہیں ۔انہوں نے کہا قاری مونس کی قیادت میں منزل صوبہ تک جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر دعا خان ، علینہ اسلام ، ہادیہ اجمل ، امائمہ بلوچ ، طوبیٰ عباسی اور عروبہ عباسی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھیں ۔