شمالی کوریا کی طرف سے حملے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ،امریکا

 
0
512

سیؤل اکتوبر 29(ٹی این ایس)امریکی وزیردفاع جیمز میٹِس نے خبردار کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا، تو اس کے خلاف عسکری قوت کا استعمال بھرپور ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس نے کہاکہ اس بارے میں کسی کو کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، اگر کسی نے امریکا یا اس کے کسی اتحادی پر حملہ کیا، تو اسے پوری قوت سے شکست دی جائے گی۔

سالانی دفاعی مذاکرات کے لیے سیول پہنچنے والے میٹِس نے کہا کہ امریکا اب بھی یہی چاہتا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے مگر ان کا کہنا تھا کہ سفارتی کوششیں بھی پس پردہ بااعتماد عسکری قوت کی موجودگی ہی میں رنگ لاتی ہیں۔میٹِس کا کہنا تھاکہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کا کوئی بھی استعمال شدید جوابی عسکری کارروائی کا موجب بنے گا، جو کارگر اور بے انتہا ہو گی۔ امریکی شمالی کوریا کے پاس جوہری ہتھیار قبول نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھاکہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ امریکا کسی بھی صورت جوہری ہتھیاروں کے حامل شمالی کوریا کو قبول کرے،میٹِس نے کہاکہ شمالی کوریا جیسا تنہائی کا شکار ملک کسی وہم میں نہ رہے۔ اس کی عسکری قوت امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجی طاقت کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔