موسم سر ما کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں اضافہ

 
0
536

موسم سر ما کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔مونگ پھلی سے چلغوزہ اور پستہ سمیت ہر قسم کا خشک میوہ 30سے 40فیصد تک مہنگا کر دیا گیا ہے جس کو مارکیٹ فارمولہ یا بیوپاریوں کی جانب سے خود ساختہ مہنگائی کہا جارہاہے اور شہریوں کے لیے یہ خبر بھی دی جارہی ہے کہ ایک بھی تیز بارش ہونے کی صورت میں یہ خو د ساختہ مہنگائی 100فیصد تک پہنچ جائے گی ۔

واضح رہے کہ رواں سیزن میں سب سے زیادہ سستی فروخت ہونے والی مونگ پھلی بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہو جائے گی ۔دکانداروں نے ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں ہو شر با اضافہ کا ذمہ داربیوپاریوں کو ٹھہرایا ہے جبکہ بیوپاری رواں سیزن میں فصل کی کم پیداوار اور شہری ضلعی حکومت کی عدم توجہی کو مہنگائی کا ذمہ دارٹھہرا رہے ہیں۔

شہریوں نے سر دی کی آمد میں قدرے اضافہ کے بعد خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انھوں نےکہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور عدم تو جہی کے باعث جہاں ضروریات زندگی کی ہر شے کی قیمت بڑھ رہی ہے وہیں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ نے سردیوں کی اس سو غات کو غریب کی پہنچ سے باہر کر دیا ہے۔