مسلم لیگ ( ن) کے صدرسابق وزیر اعظم کل اسلام آباد پہنچیں گے، انہوں نے پارٹی کارکنوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ائرپورٹ آنے کی زحمت نہ کریں، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی

 
0
475

 

اسلام آباد ، نومبر01(ٹی این ایس) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے صدرسابق وزیر اعظم محمد نواز شریف آج ( جمعرات) 2 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، انہوں نے پارٹی کارکنوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ائرپورٹ آنے کی زحمت نہ کریں۔بدھ کو پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ میں مسلم لیگ ( ن) کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پارٹی کارکنوں کو ایئرپورٹ پر نہ آنے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مسلم لیگی کارکن ان کے استقبال کے لئے ائرپورٹ آنا چاہ رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نواز شریف نے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ کارکنوں کے پیار اور جذبات کی قدر کرتے ہیں کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں اور انکے دل میں بستے ہیں۔ محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ وہ اللہ کی مدد اور نصرت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہیں مسلم لیگی کارکنوں کی قربانیوں ، جدوجہد اور پارٹی قیادت سے لازوال وابستگی پر فخر ہے۔ڈاکٹر آصف کرمانی کے مطابق نواز شریف نے کارکنوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ائرپورٹ آنے کی زحمت نہ کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے دعا کریں۔