اس وقت پورے ملک میں عمرہ زائرین ٹکٹوں کی بکنگ کے باوجود شدیدذھنی اذیت کا شکار ہیں ‘میاں مقصود احمد

 
0
18809

لاہور ،نو مبر01(ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے پاکستانی عمرہ زائرین پر بائیو میٹرک تصدیق اور2ہزار ریال کی شرائط عائد کرنے سے ہزاروں افراد شدید متاثر ہوئے ہیں،اس وقت پورے ملک میں عمرہ زائرین ٹکٹوں کی بکنگ کے باوجود شدیدذھنی اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پاکستان صرف واحد ملک ہے جہاں عمرہ زائرین کو بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق کرانے کو کہاگیا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو سعودی حکومت سے ان سخت اور نارواشرائط عائد کرنے پر شدید احتجاج کرنا چاہئے اور بائیومیٹرک تصدیق اور2ہزارریال کی پابندی کو فی الفور ختم کروانا چاہئے۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے سبزہ زار لاہور کے علاقے میں معصوم اور کمسن بچی کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے اس دلخراش واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

لاہور سمیت صوبے بھر میں ایسے واقعات میں اضافہ لمحہ فکریہ اور حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی کاکرکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہاکہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے گھنائونے واقعات بھی بدترین اور معاشرے میں پائی جانے والی بے راہ روی کی عکاسی کرتے ہیں۔معاشرتی اصلاح کے لیے تمام اسٹیک ہولڈراور بالخصوص علمااکرام کو اپنامثبت کردار اداکرنا چاہئے۔

ماضی میں بھی شیخوپورہ ،قصور اور لاہور میں معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ نارواسلوک کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں مگر گرفتاریوں کے باوجود آج تک کسی شخص کو قابل ذکر سزانہیں دی جاسکی۔صوبے میں لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف 2013میں7733 کیسزایسے میڈیامیں رپورٹ کیے گئے جن میں خواتین کو ہراساں اور زیادتی کانشانہ بنایا گیا۔رواں سال بھی درجنوں واقعات رپورٹس ہوچکے ہیں۔

کئی قوانین کی موجودگی میں بھی چائلڈ میرج کی خلاف ورزی اور تحفظ نسواں کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ہراساں کرنے کے گھنائونے واقعات میں زیادہ تعداد معصوم اور کمسن بچیوں کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلیوں سے قانون سازی تو کرالی جاتی ہے مگر عمل درآمد کویقینی نہیں بنایا جاتا۔حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ اپنا بھرپور کرداراداکرتے ہوئے ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنائے۔اسلامی شرعی نظام زندگی کو اختیار کرنے اور ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کا قانون نافذ العمل کردینے سے ملک وقوم کو درپیش مسائل مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔