سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت

 
0
322

لاہور جولائی29 (ٹی این ایس )تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع سے پارٹی کارکنوں کو ریکارڈ تعداد میں 30جولائی کے پریڈ گراؤنڈ کے جلسے کیلئے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی ۔انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ عمران خان کا ملک گیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے ہم نے درست سمت میں سفر شروع کر دیا ہے اور اب عمران خان ہی ملک وقو م کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ بعض جمہوری آمر خاندانی سیاست کو تحفظ دینے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں،بڑے میاں کی نااہلی کے بعد چھوٹے میاں کو وزیراعظم بنانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے اور سیاسی ساکھ کی مکمل تباہی کے باوجود نواز شریف کی اقتدار اور اختیار کیلئے ہوس ختم ہوتی دکھائی نہیں دیتی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت کے مزے لوٹنے والے نواز خاندان کی کرپشن، جعلسازی، منی لانڈرنگ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی داستانیں پاکستان کی تاریخ کے سیاہ باب کے طور پر درج ہوچکی ہیں ،سپریم کورٹ کے فیصلے نے نواز شریف کو نااہل قرار دیکر مہر تصدیق بھی ثبت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پورے خاندان بلکہ معاونت کرنے والے سرکاری افسروں کیخلا ف بھی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا جاچکا ہے اورریکارڈ ٹمپرنگ اور جعلی دستاویزات پیش کرنے والوں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی نظروں میں عزت کے جانے کے باوجود نواز خاندان اقتدار کے ایوانوں سے نکل جانے کو تیار نہیں،وزارت عظمیٰ کو جاتی امرا میں رکھنے کیلئے ہاتھ پاؤں مارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے دوران عدلیہ کیخلاف محاذ آرائی کرنے والے خواجہ آصف، سعد رفیق، دانیال عزیز،طلال چوہدری، عابد شیر علی اور دیگرخاندانی سیاست کے سیکیورٹی گارڈز بنے رہے،ان درباریوں سمیت کئی ارکان قومی اسمبلی ہونے کے باوجود شہباز شریف کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ دنیا بھر میں رسوائی کے باوجود نواز خاندان کوکسی پر اعتبار نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ابھی ایس ای سی پی ریکارڈ میں ٹمپرنگ کا کیس کھلاہے،ایف بی آر کی تحقیقات ہوئیں تو لمبی فہرست قانون کے شکنجے میں آئے گی،نواز لیگ کو آئندہ الیکشن میں امیدوار پورے کرنے مشکل ہوجائیں گے۔