بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ،کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا ثبوت ہے: ترجمان دفتر خارجہ

 
0
499

اسلام آباد اپریل 19(ٹی این ایس): دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہےکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے اور کلبھوشن اس کا ثبوت ہے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ گزشتہ ہفتےکرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سپاہی کو اغوا کر لیا گیا، پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں، کسی ملک کےساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے، امریکا پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت یکم مئی سے محدود کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔برطانوی سرزمین پر نریندرمودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر رد عمل میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا جانتی ہے دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہاہے، پاکستان کی حراست میں کمانڈر کلبھوشن جادیو ثبوت ہےکہ کون دہشت گردی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کابھارتی دعویٰ جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے جس کی کھلے عام تردید کرچکے ہیں، بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔بھارتی فضائیہ کی لڑاکا طیاروں کی تعداد دُگنی کرنے پر ترجمان نے رد عمل کے اظہار میں شعر پڑھا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک حادثے میں ملوث امریکی فوجی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ویانا کنونشن کے مطابق سفارتکاروں کو استثنا ہوتا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سفارتی استثنا پر رابطےکا انتظار ہے۔