عمران خان جشن و خوشیاں منانے کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں ،امیر حیدر خان ہو تی

 
0
394

موضع سلیم خان جولائی 29(ٹی این ایس )عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہو تی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی نا اہلی پر عمران خان جشن و خوشیاں منانے کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں کیونکہ کل عمران خان بھی اسی طرح جرم میں سزا کا مستحق ہو سکتا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع سلیم خان میں سابق یو سی ناظم غلام جان کے ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے موقع پر کیا جس سے صوبائی سیکرٹری جنرل سر دار حسین بابک ، ضلعی صدر امیر الرحمن ، جنرل سیکرٹری حاجی محمد اسلام خان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اشفاق ایڈوکیٹ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر حیدر خان ہو تی نے کہا کہ جوں جوں عام انتخابات قریب آرہے ہیں تو صوبہ خیبر پختونخوا میں کوئی گیس کا پائپ لائن کندھے پر اُٹھا کر بچھانے اور کوئی ٹرانسفرمر لا کر عوام کا سامنا کر رہے ہیں حالانکہ اپنے چار سالہ دور حکومت کے دوران یہ حکومتی لوگ عوام کو نظر ہی نہیں آتے لیکن میں پی ٹی آئی سمیت تمام مخالف سیاسی جماعتوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ 2018کے انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرئے گی اور عوامی مینڈیٹ سے اس صوبے میں آئندہ حکومت اے این پی کی ہو گی اسی طرح قومی اسمبلی میں بھی واضح اکثریت حاصل کرنے کی صورت میں کوئی بھی سیاسی جماعت اے این پی کے بغیر مرکز میں حکومت نہیں بنا سکے گی انہوں نے کہا کہ اب جو حالات اور پاکستان کا نقشہ سامنے آرہا ہے ایسے حالات میں پختون قوم کا اتحاد و اتفاق انتہائی ضروری ہے اس لئے پختونوں کو بھی چاہئے کہ وہ صوبے میں پختون قیادت کو سپورٹ کریں اور اس کے لئے اسفند یار ولی خان کی قیادت میں صرف اور صرف عوامی نیشنل پارٹی ہی ایک اُصولی پلیٹ فارم ہے ماضی میں ہمیشہ پختونوں نے دیگر صوبوں کے سیاستدانوں کو سپورٹ کر کے مسلط کیا گیا مگر اب پختون عوام مزید دھوکہ نہیں کھائیں گے انہوں نے کہا کہ چونکہ صوبہ پنجاب میں پی پی پی اور پی ایم ایل این کی پوزیشن کمزور ہے اس لئے ملک کی دو سب سے بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت کی نظریں صوبہ خیبر پختونخوا پر ہے اور آج یہی قیادت نے صوبہ خیبر پختونخوا کا رُخ کیا ہے لیکن خیبر پختونخوا کے عوام الیکشن 2018میں اسے شکست سے بُری طرح دو چار کرینگے انہوں نے کہا کہ سی پیک اور فاٹا کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل واضح اور اُصولی ہے سی پیک کے منصوبے میں اپنے حق کے اُصول اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے لئے عملی کر دار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں اخباری اعلانات تک منصوبے منظر عام پر لائے ہیں جب کہ ہماری حکومت نے صحت ، تعلیم ، ایریگیشن ، مواصلات اور دیگر شعبوں میں جو کام کئے ہیں اتنے کام ساٹھ سالوں میں کسی بھی حکومت نے نہیں کئے تھے اور عوام نے اس حوالے سے اچھی طرح موازنہ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی آج بھی ہمارے پرانے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں لیکن ان کے عزائم جان چکے ہیں۔