شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حریت کانفرنس اور اسکی کے زیراہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد

 
0
8495

سرینگر7نومبر (ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیرمیں شہدائے جموں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کل جماعتی حریت کانفرنس اورا سکی اکائی جماعتوں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب منعقد کی گئیں۔ کشمیرمیڈیاکل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر شہدائے جموں کی یاد میں ایک تقریب سیکریٹری جنرل غلام نبی سمجھی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مجلس شوریٰ میں شامل اکائیوں کے قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب سے حکیم عبدالرشیداور مولوی بشیر احمد نے خطاب کیا ۔

شہدائے جموں کی یاد میں تحریک حریت ضلع سرینگر کے زیراہتمام مائسمہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں عمر عادل ڈار، مدثر ندوی، رمیض راجہ، سید امتیاز حیدر اور ماسٹر حبیب اللہ سمیت درجنوں کارکنوں نے شرکت کی۔مسلم خواتین مرکز نے پریس کالونی سرینگر میں پُرامن احتجاج کرتے ہوئے شہداء جموں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان تقاریب میں مقررین نے جموں میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کو ایک بدترین قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہندوجنونیوں اور فرقہ پرست تنظیموں بشمول آر ایس ایس، شیوسینا اور دیگر متعصب قوتوں نے جموں کی سرزمین کو بے گناہ مسلمانوں کے خون رنگ دیا ہے ۔

نومبر کے مہینے میں ان فرقہ پرست غنڈوں نے تقریباً 5لاکھ مسلمانوں کاقتل عام کر کے انسانی لہو سے ایک دردناک اور وحشت ناک تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں بیک وقت اتنی تعداد میں انسانوں کا قتل عام کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک وحدت ہے اور ہم بحیثیت قوم پوری یکسوئی اور یکجہتی کے ساتھ اپنے شہداء کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے وعدہ بند ہیں۔