میرواعظ عمر فاروق مسلسل چوتھی بار دنیاکے پانچ سو بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل

 
0
1176

سرینگر7نومبر (ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل چوتھی باراردن کے اسلامک اسٹریٹیجک سینٹرکی جانب سے دنیا کی پانچ سوبااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیاگیا ہے اور برصغیرکی 5 انتہائی بااثر سیاسی و دینی شخصیات میں بھی انکا انتخاب عمل میں لایا گیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینٹر کی 2018 کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کو انکی دین، سماج ، تعلیم اور سیاست کے شعبے میں بے لوث اور مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں اس عالمی اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میرواعظ نے اپنے والد گرامی ممتاز دینی و سیاسی رہنما شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق کی1990ء میں شہادت کے فوراً بعد کشمیری عوام کی شدید خواہش اور اصرار پر صرف 17 سال کی عمر میں میرواعظ کشمیر کا منصب سنبھالا اور اس دوران اپنی تعلیمی اور منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ 1993ء میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی برحق جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر متعارف کروایا اورمسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اجاگر کرنے کیلئے کشمیر کی جملہ دینی، ملی اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور تب سے لیکرآج تک مسلسل وہ نہ صرف کشمیر ی عوام کی حق و انصاف سے عبارت جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ اس ضمن میں انہیں اکثر و بیشتر قابض حکمرانوں کی جانب سے شدید قسم کے عذاب و عتاب، قدغنوں اور پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میرواعظ نے اپنے اس سیاسی سفر میں کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ ، عالم اسلام کا مستند فورم اسلامی تعاون تنظیم کے علاوہ NAM اورمتعدد عالمی فورموں ، سمپوزیموں،سمیناروں اور ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کی حیثیت اور حساسیت کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ہے اور اس مسئلہ کے دائمی حل پر زور دیکر بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے۔