کویت میں اقامہ کے نئے قانون کی منظوری

 
0
410

کویت،نومبر 08 (ٹی این ایس):  کویت میں اقامہ کے نئے قانون کی منظوری دیدی گئی ہے، منظوری نائب کویتی  وزیر اعظم اوروزیر داخلہ شیخ خالد الجراح نے دی۔  نئے قانون کی حتمی منظوری کے لئے بل قانون ساز ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اسی اثناءمیں شعبہ اقامہ کے سربراہ جنرل طلال معرفی نے فیسوں میں اضافہ سے متعلق غیر ملکیوں کی پریشانی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ فیسوں میں اضافہ ان کے حالات کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے غیرملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ ملکی حالات اور عالمی معیشت کے تناظر میں فیسوں میں اضافہ ضروری ہے تاہم حکومت غیرملکیوں کے حالات سے باخبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اقامہ قوانین میں وزٹ ویزوں کو لچک دار بنایا گیا ہے۔کویت میں وزٹ ویزوں پر آنے والے غیرملکیوں کی تعداد میں اضافے کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولت دی جائے گی۔ غیرملکیوں کو ایسے وزٹ ویزے بھی جاری ہوں گے جن کی مدد سے وہ متعدد مرتبہ ملک میں آسانی سے آسکتے ہیں۔