عام انتخابات اگلے برس اگست،ستمبر میں ہونگے،التواء نہیں ہونے دینگے،نواز شریف کی طرف سے شبہات و الزامات کا رد

 
0
343

مسلم لیگ (ن)کے صدراور سابق وزیر اعظم نواز شریف نےانتخابات کے حوالے سے تمام شبہات کو دور اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کا بروقت انعقاد ممکن بنایا جائے گا‘التواءنہیں ہونے دیں گے۔

وہ  منگل کو  پنجاب  ہاؤس میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے5رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی۔ اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔

پیپلز  پارٹی کا نام لئے بغیر انھوں نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتیں جو 4سے5دہائیوں تک جمہوریت کے لیے آواز بلند کرنے کی دعویدار ہیں وہ آئین کے تحت اور شیڈول کے مطابق، انتخابات کے انعقاد کی راہ میں روڑے اٹکا کر اپنی حقیقت عیاں کررہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا انعقاد اگلے برس اگست،ستمبر میں ہوگااور اس راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کردیا جائے گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر وہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرامید ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے۔

نواز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ، جو سیاسی جماعتوں سے رابطے اور مطلوبہ آئینی ترمیم میں معاونت کرے گی تاکہ انتخابات تاخیر کا شکار نہ ہوں۔کمیٹی کے ارکان میں وفاقی وزراء زاہد حامد، خواجہ سعد رفیق ، جنرل عبدالقادر بلوچ اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام خان شامل ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی جماعتیں جو انتخابات میں تاخیر کی خواہش مند ہیں ، وہ دراصل انتخابی نتائج سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ وہ جانتی ہیں کہ فیصلہ ن لیگ کے حق میں ہی آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ انتخابات کی تیاریوں کا آغاز 9سیٹیں کھونے کے بعد کرے گی کیوں کہ پنجاب نے قومی اتحاد اور جمہوری روایات کے لیے اپنی قومی اسمبلی کی 9سیٹوں کی قربانی دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جن 9سیٹوں کو ختم کیا گیا ہےوہاں روایتی طور پر 1985سے ن لیگ کامیاب ہوتی رہی تھی۔ہم جمہوریت اور ملک کے مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔اس سے قبل اجلاس کا آغاز سینیٹر مشاہد اللہ خان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔

اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کی امید کا اظہا رکیا۔وفاقی وزراء زاہد حامد، پروفیسر احسن اقبال،آصف سعید کرمانی، سینیٹر پرویز رشید، دانیال عزیز، طلال چوہدری، خواجہ سعد رفیق، عبدالقادر بلوچ، سینیٹر مشاہد اللہ خان اور چیئرمین ن لیگ راجا محمد ظفر الحق نے بھی اپنی آراء کا اظہار کیا۔

دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں خواجہ آصف، سردار مہتاب احمد خان، اقبال ظفر جھگڑا، انوشہ رحمان، چوہدری برجیس طاہر، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی اور شاہ محمد شاہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ن لیگ کے ایبٹ آباد میں آئندہ اتور(12نومبر)کو ہونے والے عوامی جلسے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔