بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر پھر بلا اشتعال فائرنگ ٗ چھ سالہ بچی سمیت دو افراد زخمی

 
0
861

راولپنڈی اکتوبر 14(ٹی این ایس)بھارتی فوج نے ایک بار پھر ستوال اور نکیال سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھ سالہ بچی سمیت دو افراد کو زخمی کر دیا جبکہ پونچھ راولا کوٹ کراسنگ پوائنٹ کو بھی نشانہ بنایا ۔پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا بھر پور جواب دے کر دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں اور بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ستوال اور نکیال سیکٹر میں ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال شدید فائرنگ شروع کر دی ۔ بھارتی فوج نے تتری نوٹ ، ملوہ ، ستوال اور بالا کوٹ کے گاؤں میں فائرنگ کی جس سے ایک چھ سالہ لڑکی عائقہ رمضان اور 45 سالہ شہری سکندر حسین زخمی ہو گئے جو لنجوٹ گاؤں کے رہاشی تھے ۔ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر فائرنگ کے علاوہ راولا کوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ کو بھی نشانہ بنایا ۔ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھر پور جواب دیتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں اور جن چوکیوں سے فائرنگ کی جا رہی تھیں انہیں بھاری نقصان پہنچایا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شہریوں کو نشانہ بنانے سے بھارتی تسلط کیخلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔