ثابت ہوگیا پاک بحریہ مستعد اور چوکس ہے،ترجمان پاک فوج

 
0
394

دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک بحریہ نے جنوبی ساحل پربھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور واپس بھیجنے پر مجبور کردیا۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی مارچ 05 (ٹی این ایس): پاک فوج نے پاک بحریہ کو وطن عزیز کے دفاع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا پاک بحریہ مستعد اور چوکس ہے، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک بحریہ نے جنوبی ساحل پربھارتی آبدوز کا سراغ لگایا، اور واپس بھیجنے پر مجبور کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ثابت ہوگیا پاک بحریہ بھی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے مستعد اور الرٹ ہے۔پاک بحریہ نے آج پاکستان کے جنوبی ساحل پرایک بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ اور بھارتی آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے الرٹ ہونے کے باعث دشمن سمندرمیں جارحانہ اقدام سے باز رہا۔ پاک بحریہ کی چوکس نگرانی نے سمندری محاذ پرکسی بھی مس ایڈونچرکیخلاف بھرپور دفاع کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیخلاف پاک فضائیہ بھی مکمل طورپرمستعدد اورالرٹ ہے۔آئی ایس پی آر نے ایل اوسی کی صورتحال سے متعلق بتایا کہ ایل او سی پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال قدرے بہتر رہی۔  تاہم بھارتی فوج نے ہاٹ اسپرنگ سیکٹرمیں شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے گاؤں دارا شیرخان کا شہری شرافت زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کومئوثر جواب دیا۔واضح رہے بھارت کو فضائی محاذ کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پاکستان کے پانیوںمیں داخل ہونے سے روک دیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اعلی پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوزکا سراغ لگا کر اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو نا کام بنادیا ۔پا ک بحریہ نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوزکا سراغ لگایا جو بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے۔یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلی صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیارہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔