وزیر اعلیٰ نے وزیر اطلاعات فیا ض الحسن چوہان کو طلب کر کے ہندو برادری سے متعلق بیان پر وضاحت مانگی

 
0
1363

آئین کے تحت اقلیتوں کے برابر کے حقوق ہیں اور ان کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے‘ سردار عثمان بزدار

لاہور مارچ 05 (ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے وزیر اطلاعات و ثقافت فیا ض الحسن چوہان کو طلب کرکے ہندو برادری سے متعلق بیان پر وضاحت طلب کی ،فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے دل آزاری پر معذرت کے حوالے سے آگاہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو ایوانِ وزیراعلی طلب کر کے ان سے بیان پر وضاحت طلب کی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آئین کے تحت اقلیتوں کے برابر کے حقوق ہیں اور ان کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلیٰ کو اپنے بیان پر وضاحت د یتے ہوئے ہندو برادری کی دل آزاری پر معذرت کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سے ان کی ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے بیان پر وضاحت مانگی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کوئی استعفیٰ نہیں مانگا لہٰذااستعفے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔قبل ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے اپنی وضاحت میں کہا کہ میرا مخاطب ہندو مذہب یا ہندو برادری نہیں بلکہ نریندر مودی، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھامیرے الفاظ سے اگر ہمارے پاکستانی ہندو بھائیوں کی کسی بھی طرح دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔فیاض الحسن چوہان نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ تمام اقلیتیں پاکستان کا حصہ ہیں اور ہم سب پاکستانی ہیں۔ میرا مخاطب نریندر مودی، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا،میرا ٹارگٹ قطعی ہندو مذہب اور ہندو برادری نہیں تھا۔میرے الفاظ سے اگر ہمارے پاکستانی ہندو بھائیوں کی کسی بھی طرح دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔ہم سب پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔