ڈونلڈ ٹرمپ بلیک میلنگ چھوڑ دیں، پاکستان کو تنہا نہیں کر سکتے ،وزیرِ خارجہ

 
0
395

اسلام آباد، نومبر 08  (ٹی این ایس): پاکستان کے وزیِر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کو تنہا کرنے کے بیان سے پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑتا،امریکہ پاکستان کو تنہا نہیں کر سکتا ۔ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کو بلیک میل کر نا چھوڑ دے، ۔ سفارتی طور پر پاکستان کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہے‘ دوست ممالک اسی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں جس طرح پہلے تھے۔

سینٹ میں برکس اعلامیہ کی اہمیت اور اس ضمن میں پاکستانی سفارتی حکمت عملی کے حوالے سے سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی تحریک التواءپر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ برکس اعلامیہ میں وہی باتیں موجود ہیں جو ہارٹ آف ایشیا میں زیادہ سخت انداز سے موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ برکس اعلامیہ کا معاملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر کے بعد میڈیا نے اٹھایا۔ پاکستان کی سفارتی سطح پر کسی قسم کی کمزوری نہیں ہے۔ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن تنظیموں پر سیکیورٹی کونسل نے پابندی لگائی وہ پہلے ہی ہمارے ہاں کالعدم ہیں۔ سفارتی سطح پر پاکستان کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی حوالے سے صورتحال ویسی نہیں ہے جیسی بیان کی جارہی ہے۔ صدر ٹرمپ کی تقریر کے بعد ہم نے سفارتی سطح پر اپنی کوششوں کو تیز کیا اور پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنایا۔ موجودہ حالات میں سفارتی تعلقات بہتر سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران‘ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ کھڑے ہیں۔