دہشت گردی کا خطرہ، لاہور سے راولپنڈی جانے والے ٹرینوں میں سپیشل کمانڈوز تعینات کرنےکا فیصلہ

 
0
347

گوجرانوالہ نومبر 8(ٹی این ایس)دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر لاہور سے راولپنڈی جانے والے ٹرینوں میں سپیشل کمانڈوز تعینات کرنے اور ضلع گوجرانوالہ کے تمام ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں ضلع بھر میں ریلوے ٹریک کی پٹرولنگ گن مینوں پر مشتمل ٹیم کریگی ،ْ ریلوے سٹیشنوں پر پولیس فورس کی نفری میں مزید اضافہ کیلئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔

لاہور سے پنڈی جانے والی وی آئی پی ریل گاڑی کے آگے 30منٹ کے فاصلہ پر پائلٹ انجن بھی چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز پاکستان ریلوے شارق جمال خان کی طرف سے گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او سمیت متعلقہ ریلوے حکام کو ضروری ہدایات جاری کردیں گئیں۔ گوجرانوالہ ضلع کے ریلوے سٹیشنوں پر ریلیف ٹرین 24گھنٹے تیار رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔