نواز شریف نے عدالتی فیصلے کو ججوں کا غصہ اور بغض قرار دیکر اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب کر دیا، آصف علی زرداری

 
0
358

اسلام آباد نومبر 8(ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف جمہوری نظام سبو تاژ کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اور کچھ عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، نواز شریف نے عدالتی فیصلے کو ججوں کا غصہ اور بغض قرار دیکر اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب کر دیا ،نواز شریف نے فوج کو اپنا غلام بنانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی، نواز شریف قوم کے ساتھ ڈبل گیم کر رہے ہیں ایک طرف ان کا بھائی اور وزراء میرے خلاف بیان دیتے ہیں تو دوسری طرف مجھے ملاقات کے پیغام بھیجے جا رہے ہیں۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کے ساتھ ڈبل گیم کر رہے ہیں ایک طرف ان کا بھائی اور کچھ وزرا میرے خلاف بیان دیتے ہیں، دوسری طرف مجھے ملاقات کے پیغام بھیجے جا رہے ہیں، قوم جان لے کہ میرا ایجنڈا سب کو معلوم ہے میں جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا کبھی حصہ نہیں بنا نہ بنوں گا لیکن نواز شریف نے ججوں پر حملہ کر کے اپنا نامعلوم ایجنڈا سب کے سامنے رکھ دیا ۔عدلیہ پر حملہ آئین پر حملہ ہے آئین پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے ۔نواز شریف اپنے آپ کو قانون اور احتساب سے بالا تر سمجھتے ہیں انہوں نے فوج کو اپنا غلام بنانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی تو اپنے وزیروں کو فوج کے خلاف صف آرا کر دیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پھر عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی ناکامی پر معزز ججوں پر ذاتی حملے شروع کر دئے، نواز شریف جمہوری نظام سبو تاژ کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اور کچھ عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف نواز شریف کی کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیگی اور بہت جلد نواز شریف کی جمہوریت دشمن پالیسیوں پر ایک چارج شیٹ جاری کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایک اپنے وارنٹ نہیں مانتا اور ایک عدالتی فیصلہ ماننے کو تیار نہیں اور دونوں ہر روز آئین اور قانون کی بھاشا دیتے ہیں، نواز شریف نے اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود بے نقاب کر دیا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو بعض قرار دیا ہے، نواز شریف کے بیان نے ہمارے موقف کی تصدیق کر دی ہے۔