مصطفی کمال کے پاس ایم کیوایم میں شمولیت کے سوا کوئی راستہ نہیں، شرجیل میمن

 
0
361

کراچی نومبر 10(ٹی این ایس)سندھ کے سابق وزیر اطلاعات اور پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کل کی پریس کانفرنس کے بعد پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال کی پوزیشن کمزور نظر آرہی ہے اور ان کے پاس ایم کیو ایم جوائن کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔جمعہ کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کنفیوژن کا شکار ہے، کل فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ کے پرانے قائد کی یادیں تازہ کیں، پارٹی چھوڑنا اور دوبارہ جوائن کرنا یہ ان کی روایت تھی، اللہ ایم کیو ایم کی مدد کرے اور ان کی پریشانی دور کرے جب کہ ایم کیو ایم جو اپنے لیے بہتر سمجھے وہ ان کا حق ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مصطفی کمال کے پاس ایم کیو ایم جوائن کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، کل کی پریس کانفرنس کے بعد مصطفی کمال کی پوزیشن کمزور نظر آرہی ہے جب کہ اگر ایم کیوایم پاکستان اپنے موقف پرڈی رہی تو مصطفی کمال کے پاس آپشن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں سرپرائزدے گی جبکہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا ارادہ رکھنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،کراچی میں پی پی نے جو ترقیاتی کام کیے ہیں وہ عوام کی نظروں میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے جیل اصلاحات ضروری ہیں، جیلوں میں قیدیوں کے مسائل حل کروانے کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے جب کہ جیل قید خانہ ہوتا ہے اور وہاں مسائل ہوتے ہیں۔