اسلام آباد نومبر 10(ٹی این ایس)تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے حالیہ دھرنے کے باعث جڑواں شہروں میں رہنے والے شہریوں کو سفر کرنے میں سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ،اسلام آباد میں شدید ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے چئیرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کہناتھا، کہ ٹریفک جام کی وجہ سے اسلام آباد میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پشاور موڑ سے ریڈ زون تک پورا کشمیر ہائی وئے بلاک ہے اور ساتھ برانچ روڈزبھی شدید ٹریفک جام کا شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے سکولوں اور دفاتر میں جانے والے بچوں اور ملازمین کوسخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اوروہ بروقت اپنی منزل پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے آئی جی و ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زیر نگرانی ٹریفک کی روانی کو بحال کریں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ احتجاجیوں کو روکنے کا مقصد عوام کو تکلیف دینا نہیں ہونا چاہیئے ۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس متبادل راستے بنا کر ٹریفک رواں کریں۔