ایم ایم اے کی بحالی تمام جماعتوں کے خدشات اورتحفظات کودور کرنے سے مشروط ہے،مولاناسمیع الحق

 
0
328

اکوڑہ خٹک نومبر 12(ٹی این ایس) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی تمام جماعتوں کے خدشات اورتحفظات کودور کرنے سے مشروط ہے۔ جمعیت علماء اسلام مرکزی مجلس عاملہ مجلس شوریٰ اور دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے جمعیت کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کل(پیرکو) اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے، جس میں اس تمام تر خارجی اور داخلی سیاسی صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ ایم ایم اے میں تمام ان دینی جماعتوں کو شامل کیا جائے جو انتخابی سیاست کررہے ہیں، اور ساتھ جو جماعتیں حکومتوں میں شامل ہیں ان سب کو حکومتوں سے اوراپنے اتحادیوں سے الگ ہونا ہوگا،کیونکہ بیک وقت دو کشتیوں میں سوار ہونا ڈوبنے کو دعوت دینا ہے۔ مولاناسمیع الحق نے کہاکہ عوام کی نظریں دینی جماعتوں پر ہیں، اوروہ چاہتے ہیں کہ دینی جماعتیں اقتدار کے لئے نہیں بلکہ مقاصد اور ایک نظریہ کے لئے متحد ہوں۔