اسلام آباد(ٹی این ایس)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گولڈن جوبلی تقریبات کمیٹی کے وائس چانسلر کی زیر صدارت اجلاس میں اہم  فیصلے

 
0
37
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت گولڈن جوبلی تقریبات کی منصوبہ بندی پر گذشتہ روز اہم اجلاس منعقد ہوا۔وائس چانسلر نے ڈینز، پروفیسرز، پرنسپل افسران اور علاقائی ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ جامعہ کے قیام کو اگلے برس 50سال مکمل ہوجائیں گے، اس حوالے سے تقریبات میں طلباء و طالبات کو شامل کرکے گولڈن جوبلی کوبھرپور طریقے سے منائیں۔یونیورسٹی انتظامیہ نے تیاریوں کوحتمی شکل دینے کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن میں جامعہ کے تاریخی تناظر کو اجاگر کرنے، ہسٹری کارنر کے قیام، ایلومینائی ایسوسی ایشن، کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد، مین کیمپس اور صوبائی دارالحکومتوں میں کانووکیشن کے انعقاد سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔تمام کمیٹیوں نے اپنے حصے کے کاموں کو شیڈول کرنے کے لئے اجلاسوں کا آغاز کردیا ہے۔
    واضح رہے کہ اس قومی جامعہ نے 1974ء میں بنیادی نوعیت کے کورسز سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا،بعد میں انٹرمیڈیٹ اور بی اے کی سطح کے پروگرام شروع ہوئے، 1990ء کی دہائی میں ایم اے اور ایم ایس سی سطح کے پروگرام شروع کئے بعد ازاں تعلیمی پروگراموں کا دائرہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح تک بڑھا دیا گیا، آج یہ قومی جامعہ طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے اور اپنے قیام کے مقاصد میں بڑی حد تک کامیاب ہوئی ہے۔اس قومی جامعہ سے جون 2023ء تک 46لاکھ سے زائد طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں جو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس قومی جامعہ نے اپنے سفر کا آغاز کرایہ کے مکان سے کیا تھا، اب ملک کے 54شہروں میں اس یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر قائم ہیں۔2024ء میں اس قومی جامعہ کے 50سال مکمل ہونے جارہے ہیں، یونیورسٹی نے قیام سے لے کر اب تک مختلف شعبہ جات میں نمایاں ترقی کی ہے، اس لئے 50سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔