وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا برداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

 
0
303

لاہور نومبر 15(ٹی این ایس) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد معاشرے میں برداشت، رواداری اورصبر و تحمل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور دین اسلام رواداری اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے رویوں کے باعث معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے جبکہ رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے، لہٰذا معاشرے میں رواداری کے جذبات کو پروان چڑھانے کیلئے اس کی اہمیت سے آگاہی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحمل و برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کی جتنی ضرورت آج ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ تعلیمی ادارے،جامعات اور دینی مدارس تحمل و برداشت کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ہر قسم کے تعصب کو ختم کرنے اور برداشت و رواداری کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کااظہار کرناہے۔