لاہور نومبر 15(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جرمنی کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی ۔جرمن وفد کی قیادت جرمنی کی معروف کمپنی مین ڈیزل اینڈ ٹربوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اوؤ لوبراور پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کابلر کررہے تھے۔ملاقات میں پنجاب حکومت اور جرمنی کے مابین توانائی، ٹرانسپورٹ،آٹوانڈسٹری،سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔جرمن کمپنی نے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے جرمن وفد کے سا تھ جرمن زبان میں گفتگو کی۔ جرمن وفد نے وزیراعلی شہبازشریف کی جرمن زبان پر دسترس کی تعریف کی۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے جرمن وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جرمنی بہترین دوست ملک ہیں اورجرمنی کی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں مسلمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔نوجوانوں کو ٹیکنیکل اورووکیشنل تربیت دے کر مزید بااختیار بنانا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں برق رفتاری سے ملکرکام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں پاکستان کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیاہے۔جرمنی اس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ اپنی مہارت او رتجربے کو شیئر کر سکتا ہے اور ہمیں خوشی ہوگی کہ سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام میں جرمنی پنجاب حکومت کو تکنیکی معاونت فراہم کرے۔انہوں نے کہاکہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے ٹھوس اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں۔گیس کی بنیاد پر ہزاروں میگاواٹ کے پاورپلانٹس لگائے گئے ہیں۔پنجاب حکومت اب اپنے وسائل سے 1263میگا واٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگا رہی ہے۔ توانائی کے شعبہ میں بھی جرمن کمپنی کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ توانائی سمیت ہر منصوبے کو معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کیا گیاہے ۔منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ جرمن کمپنی کی جانب سے نوجوانوں کے لئے ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز خوش آ ئند ہے اور اس تجویز کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جرمن کمپنی ڈاکٹر اوؤ لوبر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ سکل ڈویلپمنٹ ، توانائی اور دیگر شعبو ں میں تعاون کریں گے ۔وزیراعلی شہبازشریف جرمنی کے بہت اچھے دوست ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کی ترقی کے لئے شہبازشریف نے مثالی اقدامات کئے ہیں۔توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے بھی شہبازشریف کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کابلر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جرمنی پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبو ں کی ترقی کے لئے ملکر کام کرتا رہے گا۔صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعمیرات ومواصلات ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ،چیئرمین ٹیوٹا،سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔