لاہور،اپریل01 (ٹی این ایس): سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ کسی بھی شعبے میں اپنے حریف کو سامنے رکھتے ہوئے مقابلے کی تیاری کرنی چاہیے اور پھرہی اس کے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں،ہمارے پاس جتنے وسائل ہیں ان کا بہترین استعمال کرنا ہوگااور یقینی طو رپر ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ، ہمیں بڑے بجٹ کے پراجیکٹ کے لئے جوائنٹ ونچر کو متعارف کرانے کا تجربہ کرنا چاہیے ۔ایک انٹر ویو میں جاوید شیخ نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستانی فلمیں اچھا بزنس کررہی ہیں اور پائیدار کامیابی حاصل کیلئے اس سلسلہ میں تعطل نہیں آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء کے مقابلے میں 2017ء میں پاکستانی فلموں نے بہترین نتائج دیئے اور مجھے یقین ہے کہ امسال میں بھی فلموں کی تواتر کے ساتھ نمائش سے فلم انڈسٹری بحرانی کیفیت سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی چھتری کے نیچے پالیسی کا اعلان ہوا ہے تو اسے بر ق رفتاری سے آگے بڑھنا چاہیے ۔ ہمیں ہر سال کے آغاز پر بیٹھ کر یہ طے کرنا ہوگا کہ کس موضوع پر کتنی فلمیں بنیں گی ۔بڑے بجٹ کی فلم کیلئے حکومت اورپرائیویٹ سیکٹر کو جوائنٹ ونچر کا تجربہ کرنا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ یہ کامیاب رہے گا۔