گھر اور شوبز میں توازن رکھنا ایک فن ہے ،شوہر کی سپورٹ سے یہ کردار بخوبی نبھایا ہے ‘ ثناء

 
0
418

لاہور،اپریل01 (ٹی این ایس):نامور اداکارہ ثناء نے کہا ہے کہ شادی کے بعد گھر اور شوبز میں توازن رکھنا بھی ایک فن ہے اور اپنے شوہر کی سپورٹ سے یہ کردار بخوبی نبھایا ہے ،صرف مرد وں ہی نہیں بلکہ خواتین کی زندگی بھی چیلنجزسے بھرپور ہوتی ہے اور ان کا سامنا کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ ’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثناء نے کہا کہ شادی کے بعد ذہن پر یہ سوار تھا کہ شوبز کے ساتھ اپنی فیملی کو کیسے لے کر چلوں گی ،کیسے وقت نکالوں گی لیکن میرے شوہر فخر نے بھرپور سپورٹ دی اور آج ہم کامیاب او رخوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ میں تو یہ کہوں گی کہ گھر اور شوبز میں توازن رکھنا ایک فن ہے اور میں نے اپنے شوہر کی سپورٹ سے یہ کردار بخوبی نبھایا ہے ۔ثناء نے مزید کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ مرد وں کی زندگی میں زیادہ چیلنجز ہوتے ہیں بلکہ دونوں کی زندگی ایک ہی طرح ہوتی ہے تاہم یہ درست ہے کہ کسی کے چیلنجز زیادہ یا کم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے اور اس میں کامیاب رہی ہوں ۔