کابینہ کے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں کی منظوری

 
0
417

اسلام آباد، نومبر 24  (ٹی این ایس):  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ، اجلاس میں مختلف ملکوں کے ساتھ معاہدوں اور مفاہتی یادداشتوں کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ہوا۔ کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ معاہدوں اور مفاہتی یادداشتوں پر دستخط کی منظوری دی۔ اجلاس میں ڈنمارک اور جمہوریہ سلواکیہ کی وزارت خارجہ کے ساتھ باہمی سیاسی مشاورت کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے مرتضیٰ خان کو پی او ایف بورڈ کا مالی مشیر تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ رحمت اللہ خان کو نیپرا میں ممبر بلوچستان تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے نسیم ورک کی بطور جج سپیشل کورٹ سینٹرل فیصل آباد، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر حسین کی بطور جج بینکنگ کورٹ بہاولپور جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوید احمد کو بطور جج بینکنگ کورٹ گوجرانولہ تعیناتی کی منظوری دی۔

سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل (ر) محمد ذکاءاللہ نشان امتیاز (ملٹری) کے لئے حکومت سعودی عرب کی طرف سے ”کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس “اور حکومت ملائیشیا کی طرف سے آنریری ایوارڈ آف ملائیشین آرمڈ فورسز آرڈر آف ویلور گیلینٹ کمانڈر آف ملائیشین آرمڈ فورسز، فرسٹ ڈگری کی منظوری موثر بماضی دی گئی۔حکومت فلسطین کی طرف سے پاکستان کے سابق سفیر ضمیر اکرم کے لئے ”سٹار آف میرٹ“ کی موثر بماضی منظوری دی گئی۔