اسلام آباد نومبر 25(ٹی این ایس)دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گزشتہ 12سالوں کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے 2ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس اور 2ڈی آئی جیز سمیت 1268سے زائد پولیس افسران اور اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور ہزاروں افسران اور اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ۔شہداء میں 2ایڈیشنل آئی جیز 2ڈی آئی جیز ،6ایس پیز،19ڈی ایس پیز 24انسپکٹرز اور 88اے ایس آئی شامل ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چار اگست 2010ء کو ایڈیشنل آئی جی اور کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیور پشاور صدر اور 24نومبر 2017ء کو اے آئی جی ہیڈ کواٹر اشرف نور حیات آباد میں خودکش حملوں میں شہید ہوئے۔2006ء میں ڈی آئی جی بنوں عابد علی کوہاٹ روڈ پر متنی کے قریب حملہ آوروں کا نشانہ بنے جبکہ سابق سی سی پی او پشاور ملک محمد سعد 2007ء میں ساتویں محرم کو دالگراں میں خودکش بم حملے میں شہید ہوئے۔
اسی طرح گزشتہ بارہ سالوں کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی رورل پشاور خورشید خان ڈی پی او بنوں اقبال مروت ڈی پی او دیر خورشید خان سمیت 6ایس پیز 19ڈی ایس پیز 24انسپکٹرز 88سب انسپکٹرز 77اسسٹنٹ سب انسپکٹر ز 126ہیڈ کانسٹیبلز اور 924کانسٹیبلز جام شہادت نوش کر چکے ہیں ۔