چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پہلا فیز 2018ء تک مکمل ہو جائے گا ٗ وزار ت منصوبہ بندی

 
0
357

اسلام آباد نومبر 26(ٹی این ایس) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پہلا فیز 2018ء تک مکمل ہو جائے گا اس مرحلے کی تکمیل سے انرجی کے شعبے میں 10ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کے مطابق پاکستان اور چین اس منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘ چین پاکستان اس منصوبے کی دونوں ممالک کے لئے افادیت کے ساتھ خطے کے تین ارب افراد کی تقدیر بدلنے کی اہمیت سے آگا ہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی قوم اس منصوبے کی تکمیل کے لئے متحد ہے اور اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ اس تاریخی منصوبے کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو ممکن بنایاجا سکتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت، سویلین حکومت اور عسکری ہائی کمان اس منصوبے کی تکمیل کے لئے پر عزم ہیں۔