پاکستان مین جمہوریت ہماری قیادت ، کارکنوں کی قربانیوں سے آئی ، دیگر جماعتیں صرف اقتدار کیلئے لڑ رہی ہیں‘ بلاول بھٹو

 
0
323

لاہور نومبر 30(ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی جماعتیں صرف اقتدار کیلئے لڑ رہی ہیں،منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ نہ آنے والے لیڈر کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں،وہ عوام کے حق حکمرانی اور جمہوریت کو بے توقیر کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی قائدین کی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانیوں سے آئی اور آج بھی پی پی ہی جمہوریت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔

جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی دیگر جماعتیں صرف اقتدار کیلئے لڑ رہی ہیں، جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے اسے ہم نے بچانا ہے ،دیگر جماعتوں کا کچھ بھی داؤپر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کیلئے قیادت اور کارکن قربان کئے، جو لیڈر بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں انہیں تو جمہوریت کی جیم تک کا نہیں پتا، وہ سب لیڈر جو منتخب ہو کر بھی پارلیمنٹ نہیں آتے وہ کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں،ایسے لیڈر پارلیمنٹ میں نہ آکر عوام کے حق حکمرانی اور جمہوریت کو بے توقیر کر رہے ہیں اور پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے والے دراصل غیرجمہوری قوتوں کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔پی پی نے ایسے نام نہاد جمہوری لیڈران کے استاد آمروں کا مقابلہ کیا۔