نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کی اسلام قبول کرنے کے بعد پہلی بار لاہور آمد ، ائیرپورٹ پر شاندار استقبال

 
0
282

لاہور نومبر 30(ٹی این ایس) جنوبی افریقہ کے رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کے قبول اسلام کے بعد مدینہ سے لاہور آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مانڈلا منڈیلا کے استقبال کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے محی الدین اور پی اے ٹی رہنما خرم نواز گنڈا پور سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانڈلا منڈیلا نے کہا کہ پاکستان آکر انہیں بہت خوشی ہورہی ہے اور یہاں آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ، میں سیاسی اجتماع نہیں بلکہ مسلم کلینڈر کی سب سے بڑی تقریب کیلئے پاکستان آیا ہوں ، منہاج القرآن کی تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام پرامن مذہب ہے اور پوری دنیا میں پھیل رہا ہے، نیلسن منڈیلا کو اسلامی تعلیمات نے ہی دوران قید حوصلہ دیا ۔مانڈلا منڈیلا نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں رگبی اور فٹ بال کے ساتھ کرکٹ بہت شوق سے کھیلی جاتی ہے، پاکستان میں اں ٹرنیشنل کرکٹ سے پابندیاں ہٹنے کے ساتھ ہی وہ بطور رکن پارلیمنٹ پوری کوشش کریں گے کہ دونوں ممالک آپس میں کرکٹ کھیلیں۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ان کی ٹیم پاکستان آئے گی۔اس موقع پر انہوں نے نیلسن منڈیلا کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ‘میرے دادا نے جس طرح جمہوریت کی بحالی کے لیے کوشش کی وہ قابل قدر ہے۔مانڈلا منڈیلا کا کہنا تھا کہ دائرہ اسلام میں آنے کے بعد ان میں بہت بدلا آیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مانڈلا منڈیلا، مینار پاکستان پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا نیا نام بھی رکھیں گے۔واضح رہے کہ مانڈلا منڈیلا نے دو سال قبل اسلام قبول کیا اور پہلی بار پاکستان آئے ہیں۔