نواز شریف کرائے پر دستیاب سیاستدان تھے اب خود کرائے کے جلسے کرتے پھرتے ہیں‘ مصطفی نواز کھوکھر

 
0
1068

لاہور دسمبر 2 (ٹی این ایس)پیپلز پارٹی نے کوئٹہ جلسے کو نواز شریف کی سیاست کا اختتام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود وفاقی لیڈر نہ سکے،بلاول بھٹو کا مشورہ مان کر اب باعزت طریقے سے ریٹائرڈ ہو جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر خود مخالفین نے ثابت کیا کہ پی پی ہی واحد وفاقی جماعت ہے،پانچ دسمبر کے پریڈ گراؤنڈ جلسے سے بونے سیاستدانوں کو جواب مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت تھی اب وہ بھی نہ رہی،لاہور سے باہر نکلتے ہیں تو نواز شریف کو اتحادیوں سے جلسے کروانے پڑتے ہیں،کوئٹہ کا جلسہ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کا اور خطاب نااہل وزیراعظم کا ہوگا،خیبرپختونخواہ میں (ن) لیگ کے جلسوں میں لوگوں کو پیسوں پر لانے کے قصے بھی میڈیا پر آ چکے،مولانا فضل الرحمان کے کارکنوں کے بعد آج نواز شریف اچکزئی کے مجمعے کو خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کرائے پر دستیاب سیاستدان تھے اب خود کرائے کے جلسے کرتے پھرتے ہیں۔نواز شریف بلاول بھٹو کا مشورہ مان لیں اب باعزت طریقے سے ریٹائر ہو جائیں۔